ہوم / بین الاقوامی / کیا روس برطانوی انتخابات میں بھی مداخلت کر رہا ہے؟

کیا روس برطانوی انتخابات میں بھی مداخلت کر رہا ہے؟

سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے برطانوی انتخابات میں روسی مداخلت کی رپورٹ شائع نہ کرنے کو شرمناک اور نہ سمجھ آنے والی منطق قرار دیا ہے۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 12دسمبر کے انتخابات سے پہلے روسی مداخلت کی رپورٹ شائع کی جائے تاکہ ووٹرز کو پتہ چل سکے کہ روس کس حد تک برطانوی سیاست میں مداخلت کر رہا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کی انٹیلی جنس اور سیکیورٹی کمیٹی نے برطانوی سیاست میں روسی مداخلت پر ایک رپورٹ تیار کی ہے۔ اس رپورٹ کو سیکیورٹی کلیئرنس مل چکی ہے لیکن برطانوی حکومت اسے 12 دسمبر کے بعد شائع کرنا چاہتی ہے۔برطانیہ کی ٹاپ سیکیورٹی ایجنسی ایم آئی 5 اور ایم آئی 6 نے 2016 میں ہونے والے بریگزٹ ریفرنڈم اور 2017 کے عام انتخابات میں روسی مداخلت پر ایک رپورٹ تیار کی ہے۔ تیار کرنے کے بعد اسے وزیراعظم ہاوٗس 10 ڈاوٗننگ اسٹریٹ کو 17 اکتوبر کو بھیج دیا گیا تھا۔ انٹیلی جنس کمیٹی نے رپورٹ شائع نہ کرنے پر سخت تنقید کی ہے۔ حکومت کا موقف ہے کہ ابھی رپورٹ شائع کرنے کیلئے حالات سازگار نہیں ہیں۔ لندن میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی  کے بعد بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن نے کہا کہ وہ اس بات پر حیران ہیں کہ برطانوی حکومت نے ابھی تک اس رپورٹ کو شائع کیوں نہیں کیا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ روس مغربی اور امریکی سیاست میں بہت زیادہ مداخلت کر رہا ہے۔ اس کا تجربہ ہم نے 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات میں کیا تھا۔ہیلری کلنٹن نے 12 دسمبر کی ووٹنگ سے پہلے اسے شائع کرنے کی ضرورت پر زور دیا کہ رائے دہندگان کو معلوم ہو سکے کہ کس طرح انہیں استعمال کیا جا رہا ہے۔ برطانوی حکومت کے وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ اس رپورٹ کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد ہی اسے شائع کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ اس رپورٹ میں جو معلومات دی گئی ہیں وہ خاصی پُراسرار اور خفیہ ہیں۔ لہذا جب تک اس کا صحیح طرح جائزہ نہ لیا جائے اس کو شائع کرنا مناسب نہیں ہے۔ ہیلری کلنٹن نے بتایا کہ 2016کے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے روس اور اس کے ایجنٹس سے متعلق ایک انویسٹی گیشن کی گئی تھی لیکن یہ سب کچھ اس وقت ہوا جب امریکی عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے تھے۔ برطانیہ کے پاس ابھی وقت ہے کہ وہ روسی ایجنڈے سے اپنے شہریوں اور رائے دہندگان کو آگاہ کرے تاکہ وہ ایک کھلے ذہن کے ساتھ انتخابات میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ امریکہ میں ہوا اگر یہاں بھی ایسا ہی ہوتا ہے تو اس سے انہیں دکھ ہو گا۔ ووٹنگ کے بعد رپورٹ شائع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا کیونکہ روس تو اپنا کام کر چکا ہو گا۔

یہ بھی چیک کریں

جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل:نواز شریف کی سزا کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظور

نیب کے سابق جج ارشد ملک کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد نواز شریف نے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے