ہوم / تازہ ترین / فیصل واوڈا نے جعلی شہریت کے حلف نامے پر الیکشن لڑا، دستاویزات میں انکشاف

فیصل واوڈا نے جعلی شہریت کے حلف نامے پر الیکشن لڑا، دستاویزات میں انکشاف

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے 2018ء کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اس وقت وہ امریکی شہری تھے اور یہ کہ ان کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرایا جانے والا حلف نامہ جعلی تھا کہ ان کے پاس غیر ملکی شہریت نہیں ہے۔ جون 2018ء کو کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت وہ امریکی شہری تھے۔ کاغذات کی اسکروٹنی کے وقت بھی ان کی امریکی شہریت برقرار تھی۔ فیصل واوڈا نے اپنے کاغذات نامزدگی میں حلفاً کہا کہ وہ صرف پاکستانی شہری ہیں تاہم دستاویزات سے ثابت ہوا جب انہوں نے کاغذات جمع کرائے وہ امریکی شہری بھی تھے۔ پی ٹی آئی کے قانونی ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ثابت ہوجائے کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت وہ امریکی شہری تھے تو نااہل ہوجائیں گے۔ ان کے حریف امیدوار نے سندھ ہائیکورٹ میں واوڈا کی دہری شہریت چیلنج کی لیکن دباؤ پر واپس لے لی۔ 2018ء میں سپریم کورٹ ن لیگ کے سینیٹرز سعدیہ عباسی اور ہارون اختر کو کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت پر نااہل قرار دیا تھا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وہ ازخودنوٹس نہیں لے سکتے، کسی رکن پارلیمنٹ کو دہری شہریت چیلنج کرنا ہوگی، بار بار رابطے پر فیصل واوڈا نے مؤقف نہیں دیا۔ واضح رہے کہ سعدیہ عباسی اور ہارون اختر نے کافی عرصہ قبل ہی شہریت کی تنسیخ کیلئے درخواست دے رکھی تھی لیکن طویل طریقہ کار کی وجہ سے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت ان کے پاس یہ سرٹیفکیٹ نہیں تھا۔ واوڈا کے معاملے میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جون تھی جسے مزید تین دن کیلئے بڑھایا گیا تھا۔ واوڈا نے اپنے کاغذات 11 جون کو جمع کرائے اور ایک حلف نامہ بھی جمع کرایا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس غیر ملکی شہریت نہیں ہے۔ کراچی کے این اے 249 سے ریٹرننگ افسر نے ان کے کاغذات کی 18جون 2018ء کو منظوری دی جس کے بعد 22 جون 2018ء کو واوڈا نے امریکی شہریت کی تنسیخ کیلئے شہر میں امریکی قونصل خانے میں درخواست جمع کرائی جس کا مطلب یہ ہوا کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت وہ امریکی شہری تھے۔ اگرچہ شہریت کی تنسیخ کا عمل مختلف محکموں سے کلیئرنس کے بعد کچھ ہفتوں میں مکمل ہوتا ہے لیکن دستاویزات کے مطابق قونصل خانے کی طرف سے انہیں شہریت کی تنسیخ کا سرٹیفکیٹ 25 جون 2018ء کو جاری کیا گیا۔ واوڈا کی اپنی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ماہرین قانون متفق ہیں کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت جس امیدوار کے پاس غیر ملکی (دوہری) شہریت ہوگی وہ نہ صرف فوری طور پر نا اہل قرار دیا جا سکتا ہے بلکہ اسے جھوٹ بولنے پر سزا بھی ہو سکتی ہے۔ واوڈا کی دہری شہریت کو کسی نے چیلنج نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ووڈا کے مخالف امیدوار عبدالقادر مندوخیل نے واوڈا کی کی نامزدگی کو منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی تاہم چند سماعتوں کے بعد مندوخیل نے اپنی درخواست واپس لے لی۔ مندوخیل کہتے ہیں کہ درخواست واپس لینے کی وجہ کچھ حلقوں کی طرف سے آنے والا شدید دباؤ تھا بلکہ ان کی اپنی پارٹی قیادت نے بھی کیس واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالا۔ اگر نون لیگ، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں کی طرح واوڈا کا کیس دیکھا جائے تو وہ بھی بحیثیت رکن قومی اسمبلی نا اہل ہو جاتے ہیں۔ ماضی میں سپریم کورٹ نے درخواست دائر کیے جانے کا انتظار کرنے کی بجائے ایسے معاملات میں از خود نوٹس لیے ہیں۔ پی ٹی آئی میں وزیراعظم عمران خان سے قربت رکھنے والے ایک سینئر ماہر قانون نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ واوڈا کے معاملے میں آرٹیکل 63 ون سی کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے اور انہیں نا اہل قرار دیا جا سکتا ہے یا پھر ان کا انتخاب کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے، یا پھر انہیں جھوٹ بولنے پر سزا سنائی جا سکتی ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور پی ٹی آئی رہنما سید علی ظفر نے کہا ہے کہ اگر مذکورہ رکن پارلیمنٹ (انہیں فیصل واوڈا کا نام نہیں بتایا گیا تھا) نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت اپنی دوسری شہریت چھپائی ہے تو انہیں نا اہل قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد اور سپریم کورٹ بار کے سابق صدر کامران مرتضیٰ کی رائے بھی یکساں تھی کہ اگر دستاویزات سے ثابت ہو جائے کہ مذکورہ وزیر نے اپنی شہریت چھپائی تو وہ فوری طور پر نا اہل ہو جائیں گے۔

یہ بھی چیک کریں

فیصل واوڈا کیلئے مشکلات، الیکشن کمیشن نے نااہلی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے خلاف …

بھارت پانی روکنے کی دھمکیوں کے ذریعے کلبھوشن کیس میں اپنی ناکامی چھپانا چاہتا ہے: فیصل واوڈا

اسلام آباد: وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہےکہ بھارت کی پانی روکنے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے