ہوم / پاکستان / کورونا سے مزید 4 جاں بحق، پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 32 اور مجموعی کیسز 2291 ہوگئے

کورونا سے مزید 4 جاں بحق، پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد 32 اور مجموعی کیسز 2291 ہوگئے

پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے آج مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 32 ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2291 تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 10، خیبرپختونخوا 8، گلگت بلتستان 2 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

پاکستان میں آج کے کیسز کی صورتحال

پاکستان میں آج جمعرات کورونا وائرس کے اب تک 69 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 4 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن  میں سے خیبرپختونخوا میں 2 ، پنجاب اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

آج اب تک سندھ میں 34 کیسز ایک ہلاکت، خیبرپختونخوا 23 کیسز  ایک ہلاکت، گلگت 3، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں۔

سندھ

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے آج بروز جمعرات صوبے میں ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ مریض کو 28 مارچ کو حیدرآباد کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیاجب کہ انتقال کرنے والا مریض تبلیغی جماعت کا رکن تھا۔

علاوہ ازیں محکمہ صحت کی سمری کےمطابق سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 743 ہوگئی ہے۔

سمری کے مطابق کراچی میں 17، حیدرآباد 9، شہید بے نظیر آباد 6 اور جامشورو میں 2 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ تمام کیس لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں۔

واضح رہےکہ سندھ میں اب تک ہونے والی 10 ہلاکتوں میں سے 9 کراچی شہر میں ہوئیں۔

محکمہ صحت کے مطابق سندھ بھر میں اب تک 54 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں آج اب تک کورونا کے 23 کیسز اور مزید 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 276 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 2 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں اور ایک کا نوشہرہ سے ہے۔ صوبائی وزیر صحت تیمور  جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔

صوبائی وزیر صحت کی جانب سے جاری سمری کے مطابق صوبے میں اب تک وائرس سے  29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں آج جمعرات کورونا وائرس سے مزید ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے تاہم صوبائی حکومت نے اب تک ہلاکت کی تصدیق نہیں ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 137 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 845 ہوگئی جبکہ ایک شخص جاں بحق بھی ہوا۔

بدھ کے روز راولپنڈی میں 83 سالہ شخص کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔

پنجاب میں اب تک کورونا سے 11 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی 4 جب کہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

البتہ سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہونے والی ہلاکت میں شہر کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے کیسز کی تصدیق نہیں کی گئی۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں 17 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں اب تک ایک شخص کورونا سے ہلاک ہوا ہے۔

اسلام آباد

آج جمعرات کو اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 62 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

آج بروز جمعرات گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

گلگت میں 3 نئے کیسز کے بعد علاقے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 187 ہوگئی ہے تاہم مشیراطلاعات کی جانب سے کیسز کی تصدیق نہیں کی گئی۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ہیں جب کہ ایک کا تعلق محکمہ صحت سے تھا۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔

آزاد کشمیر کے وزیر صحت نے کیسز کی تصدیق کی جب کہ ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود نے بتایا کہ کورونا کے 2 مریضوں کا تعلق بھمبر سے ہے جن میں سے ایک 12 سال کی بچی اور ایک برطانیہ سے آنے والا شہری وائرس میں مبتلا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق تراڑ کھل سندھوتی میں بھی ایک شخص میں کوروناکا ٹیسٹ مثبت آیاہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

یہ بھی چیک کریں

کورونا وبا: یورپی یونین میں 750 ارب یورو کے ’معاشی بحالی فنڈ‘ کی تجویز

برسلز: یورپی یونین کے ایگزیکٹیو کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈر لین نے کورونا وبا سے …

ملک میں کورونا سے مزید 4 افراد جاں بحق، 154 نئے کیسز بھی سامنے آ گئے

ملک میں آج کورونا سے مزید 4 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے