ہوم / پاکستان / پاکستان میں کورونا سے 35 ہلاکتیں، مجموعی کیسز کی تعداد 2450 ہوگئی

پاکستان میں کورونا سے 35 ہلاکتیں، مجموعی کیسز کی تعداد 2450 ہوگئی

پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2450 تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 11، خیبرپختونخوا 9، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

پاکستان میں آج کورونا کے کیسز کی صورتحال

پاکستان میں آج بروز جمعہ اب تک 51 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں  جن میں سے سندھ میں 42، اسلام آباد 6 اور گلگت بلتستان میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

سندھ کے محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں اب تک 42 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 783 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں مزید 18، سکھر 8، حیدرآباد 14اور گھوٹکی میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق صرف کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 342 ہے۔

سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 11 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 10 ہلاکتیں صرف کراچی میں ہوئیں جب کہ صوبے بھر میں اب تک 65 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

آج بروز جمعہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کےمزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 68 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

آج بروز جمعہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 190 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے ان کیسز کی فی الحال تصدیق نہیں کی گئی ہے البتہ محکمہ اطلاعات کی جانب سے کورونا سے 8 افراد کے شفایاب ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں بروز جمعرات کورونا وائرس کے مزید 75 کیسز سامنے آئے جب کہ لاہور میں ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی جس کے بعد پنجاب میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 اور مجموعی کیسز 920 ہوگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 920 ہے۔ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ مرکز میں 213۔ ملتان قرنطینہ مرکز میں 91، رائے ونڈ قرنطینہ میں 142 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ صوبے میں 5 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی 11 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4 اور رحیم یار خان، فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں جمعرات کو کورونا کے 58کیسز اور مزید 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 311 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 3 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں، ایک کا نوشہرہ اور ایک کا بونیر سے ہے۔ صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔

صوبائی وزیر صحت کی جانب سے جاری سمری کے مطابق صوبے میں اب تک وائرس سے 30 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعرات کو کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 169 ہوگئی جب کہ صوبائی محکمہ صحت نے مجموعی کیسز کی تصدیق کی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی جب کہ 17 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔

آزاد کشمیر کے وزیر صحت نے کیسز کی تصدیق کی جب کہ ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود نے بتایا کہ کورونا کے 2 مریضوں کا تعلق بھمبر سے ہے جن میں سے ایک 12 سال کی بچی اور ایک برطانیہ سے آنے والا شہری وائرس میں مبتلا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق تراڑ کھل سندھوتی میں بھی ایک شخص میں کوروناکا ٹیسٹ مثبت آیا۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

یہ بھی چیک کریں

کورونا وبا: یورپی یونین میں 750 ارب یورو کے ’معاشی بحالی فنڈ‘ کی تجویز

برسلز: یورپی یونین کے ایگزیکٹیو کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈر لین نے کورونا وبا سے …

ملک میں کورونا سے مزید 4 افراد جاں بحق، 154 نئے کیسز بھی سامنے آ گئے

ملک میں آج کورونا سے مزید 4 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے